Tuesday, October 4, 2022

ملتان : ووٹ نہ دینے پر نون لیگی چیئرمین نے بزرگ کی ناک اور کان کاٹ ڈالے

ملتان : ووٹ نہ دینے پر نون لیگی چیئرمین نے بزرگ کی ناک اور کان کاٹ ڈالے
ملتان (92نیوز) ووٹ نہ دینے پر جام پور میں مخالفوں نے 80 سال کے بزرگ کی ناک اور کان کاٹ ڈالے۔ ملزم وسیم لاشاری نون لیگ کے ٹکٹ پر چیئرمین منتخب ہو چکا ہے۔ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے ملزم ڈپٹی سپیکر پنجاب کا دوست ہے اس لیے پولیس کارروائی نہیں کر رہی۔ تفصیلات کے مطابق ملتان کے نواحی علاقہ جام پور میں ووٹ نہ دینے کی رنجش پر مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب چیئرمین وسیم لاشاری نے تشدد کر کے بزرگ شہری کے کان اور ناک کاٹ دیے۔ ملک بھر میں بلدیاتی الیکشن کے تمام مراحل مکمل ہو چکے ہیں تاہم ان کے اثرات کا سلسلہ اب بھی جاری ہے اور لڑائی جھگڑے اور تشدد کے واقعات ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے۔ ملتان کے نواحی علاقہ جام پور میں ووٹ نہ دینے کی رنجش پر چیئرمین کے امیدوار نے ساتھیوں کے ہمراہ حملہ کر کے سونہارا نامی بزرگ کے کان اور ناک کاٹ دیے۔ بزرگ کو تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج ہونے کے باوجود ملزمان کو گرفتار نہیں کیا۔ ورثاءکا کہنا ہے کہ ملزم ڈپٹی سپیکرپنجاب اسمبلی شیرعلی گورچانی کا قریبی دوست ہے جس کی وجہ سے کوئی کارروائی نہیں ہو رہی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔