Wednesday, December 1, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

ملتان ، سیزنل انفلوئنزا سے ہلاکتوں کی تعداد 51 ہو گئی

ملتان ، سیزنل انفلوئنزا سے ہلاکتوں کی تعداد 51 ہو گئی
January 23, 2018

ملتان ( 92 نیوز ) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں سیزنل انفلوئنزا کے باعث ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔  نشتراسپتال میں زیرعلاج مزید 3 مریض دم توڑ گئے۔ 38 روز میں سیزنل انفلوئنزا کے شبہ میں لائے گئے 51 مریض لقمہ اجل بن چکے ہیں ۔

ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں سینزل انفلوئنزا کے باعث ہلاکتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا ۔ نشتر اسپتال میں زیر علاج 3 مزید مریض جان کی بازی ہار گئے ۔  جاں بحق ہونے والوں میں  44 سالہ زہرہ، 30 سالہ احسن اور 55 سالہ شفیع شامل ہیں ۔  جاں بحق ہونے والوں کا تعلق راجن پور، مظفر گڑھ سے ہے۔

اسپتال میں سیزنل انفلوئنزا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 51 ہو گئی  جن میں سے 31 مریضوں میں اس موذی وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 20 افراد کی رپورٹ منفی آئی تھی۔

محکمہ صحت کی جانب سے جہاں وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جارہے ہیں وہیں مریضوں کی تعداد میں بھی روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔  گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران 8 مزید افراد سیزنل انفلونزا کے شبہ میں نشتر اسپتال لائے گئے ہیں ۔

جبکہ گزشتہ  38 روز کے دوران نشتر اسپتال میں سیزنل انفلوئنزا کے شبہ میں 232   مریض لائے گئے ۔ جن میں سے 51 مریض انتقال کرگئے  ۔  167 افراد کو صحت یاب ہونے پر نشتر اسپتال سے ﮈسچارج کردیا گیا  جبکہ 14 مریض نشتر اسپتال کے آئسولیشن وارﮈ میں زیر علاج ہیں ۔