الیکشن 2018،ملتان میں بڑے بڑے نام مقابل ، زور کا جوڑ پڑنے کا امکان
ملتان (92 نیوز) ملتان میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ چھٹے روز بھی جاری ہے۔ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، سابق وفاقی وزیر سکندربوسن اور جاوید ہاشمی سمیت کئی بڑے نام الیکشن میں حصہ لیں گے۔
25 جولائی 2018 کے انتخابی دنگل میں ملکی سیاست کے بڑے نام ہوں گے۔ ضلع ملتان میں ایک دوسرے کے مد مقابل سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 158 شجاع آباد سے الیکشن لڑیں گے ۔سابق وفاقی وزیر جاوید علی شاہ اور پی ٹی آئی کے ابراہیم خان ان کے مد مقابل ہوں گے۔
این اے 156 سے شاہ محمود قریشی کو مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا شاہد الحسن کا چیلنج درپیش ہو گا۔ اس حلقہ سے جاوید ہاشمی بھی امیدوار ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر سکندر حیات بوسن کو کسی جماعت سے بھی ٹکٹ نہیں سکا ، تاہم انہوں نے این اے 154 سے الیکشن لڑنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے جہاں سید عبدالقادر گیلانی ان کے مدمقابل ہوں گے۔
این اے 155 سے پی ٹی آئی کے امیدوار ملک عامر ڈوگر اور ن لیگی امیدوار شیخ طارق رشید مدمقابل ہو سکتے ہیں۔
این اے 157 سے ملتانی مخدومین یوسف رضا گیلانی اور شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے آمنے سامنے ہوں گے ، تاہم زین قریشی اور علی موسی گیلانی کو مسلم لیگ ن کے امیدوار عبدالغفار ڈوگر کا چیلنج بھی درپیش ہو گا۔
تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 217 سے بھی الیکشن لڑیں گے۔
سیاسی ناقدین کے مطابق ملتان کے قومی اسمبلی کے 6 اور صوبائی اسمبلی کے 13 حلقوں میں تحریک اںصاف اور مسلم لیگ ن میں اصل مقابلہ ہو گا تاہم کچھ نشستوں پر پیپلزپارٹی بھی خوب مقابلہ کر سکتی ہے۔