مقبوضہ کشمیر: گائے کے ذبیحہ پر پابندی کے خلاف احتجاج کرنیوالے رکن اسمبلی انجینئر راشد گرفتار
مقبوضہ کشمیر (نائنٹی ٹو نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی حکومت نے گائے کے ذبیحہ پر پابندی کے خلاف احتجاج کرنے والے رکن اسمبلی انجینئر راشد کو گرفتار کر لیا جبکہ نام نہاد اسمبلی نے گوشت کے مسئلہ پر بحث کی اجازت سے انکار کر دیا۔
مقبوضہ کشمیر کی نام نہاد اسمبلی میں جمعرات کو بی جے پی کے غنڈوں نے آزاد رکن اسمبلی انجینئر راشد کو گائے کا گوشت کھانے پر اسمبلی میں مار پیٹ کا نشانہ بنایا تھا اور انہیں اسمبلی سے نکال دیا گیا تھا۔ انجینئر راشد نے اس ناروا سلوک پر سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنا دیا اور گائے کے ذبیحہ پر پابندی کے خلاف احتجاج کیا۔
کٹھ پتلی حکومت احتجاج برداشت نہ کر سکی اور انجینئر راشد کو گرفتار کر لیا گیا۔ انجینیئر راشد کا مطالبہ ہے کہ گائے کے ذبیحہ پر پابندی کے معاملے کو اسمبلی میں زیربحث لایا جائے لیکن نام نہاد جمہوریت اس مطالبے کو برداشت نہیں کر پا رہی۔
پولیس نے انجینئر راشد اور ان کے ساتھیوں کو گرفتار کر کے سیکرٹریٹ کے اندر محبوس کر دیا اور گرفتاری کی تردید کی جا رہی ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس نے رکن اسمبلی کو گیٹ سے اٹھا کر سیکرٹریٹ کے اندر پہنچایا ہے، حراست میں نہیں لیا گیا۔