سرینگر (92 نیوز)بزرگ حریت رہنما علی شاہ گیلانی نے کشمیری عوام کے نام خط میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کرنا جمہوریت کیساتھ مذاق ہو گا ، بھارت ہماری زمین ہی نہیں، مشترکہ شناخت اور بھائی چارے کی تباہی چاہتا ہے، بھارتی زہر آلود منصوبے کے خلاف ہمیں متحد ہونا ہوگا۔
حریت رہنما سید علی گیلانی نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے نام خط میں بھارت کے
غاصبانہ قبضے کیخلاف اور
زہر الود منصوبے کے خلاف آئندہ کا لائحہ عمل دے دیا، وادی میں ہر جگہ احتجاج کی کال دے دی۔
علی گیلانی کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر کا جغرافیہ، ہیت اور
آبادی کا تناسب تبدیل کرنا چاہتا ہے ، بھارتی اقدامات عالمی قوانین، اقوام متحدہ سلامتی کونسل قراردادوں کے منافی ہیں ، بھارت کو تاریخ معاف نہیں کریگی ، ہر خالی صفحہ چیخ چیخ کر حقائق بتائے گا۔
بزرگ کشمیری رہنما نے کہا کہ بھارت ہماری زمین ہی نہیں،
مشترکہ شناخت اور بھائی چارے کی تباہی چاہتا ہے،ہمیں بھارت منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دینا ، ہمیں اپنی زندگیاں، املاک اور شناخت بچانے کیلئے متحد ہو کر کھڑا ہونا ہو گا،
بھارتی قبضے سے مکمل آزادی تک جدوجہد جاری رکھنا ہو گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ بھارت جان لے 10 لاکھ نہیں پوری فوج بھی لے آئے کشمیری اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے ، انہوں نے پاکستان، پاکستانی عوام اور
مسلم امہ سے کشمیریوں کی فوری مدد کی بھی اپیل کی جبکہ وادی میں سرکاری حکام کیلئے پیغام دیا کہ احتجاج میں شامل ہوں ورنہ بھارت نواز سیاستدانوں کی طرح غیر ضروری ہو جاؤ گے۔