Tuesday, October 4, 2022

مقبوضہ کشمیر کو کرفیو کی آہنی زنجیروں میں جکڑے 98 روز ہو گئے

مقبوضہ کشمیر کو کرفیو کی آہنی زنجیروں میں جکڑے 98 روز ہو گئے
 سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر کو کرفیو کی آہنی زنجیروں میں جکڑے 98 روز ہو گئے۔ مظلوم کشمیریوں کی مشکلات بدستور برقرار ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے چپے چپے پر بھارتی فوجی تعینات ہیں۔ 80 لاکھ سے زائد کشمیری اپنے ہی گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بدستور بند پڑے ہیں۔ لاکھوں طلبا کے تعلیمی سال ضائع ہونے کے شبہات یقین میں بدلتے دکھائی دے رہے ہیں۔ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس تا حال بند ہے۔ کشمیریوں کا رابطہ دنیا سے ابھی تک بحال نہیں کیا گیا۔ مواصلاتی بندشوں نے لوگوں کو شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔ بدترین پابندیوں کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ حریت آسمان سے باتیں کرتا دکھائی دیتا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے حکومت مخالف مظاہرے اور آزادی کے فلک شگاف نعرے مودی حکومت کی بدترین شکست کی داستان سناتے ہیں۔