سرینگر ( 92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا بائیس واں روز ہے ، بھارتی مظالم کشمیریوں کا حوصلہ پست نہ کرسکے، یوتھ لیگ مزاحمتی قیادت نے ہفتہ وار احتجاج کی کال دے دی جبکہ کشمیری آج تمام پابندیاں توڑ کر سری نگر کے لال چوک تک مارچ کریں گے۔
زمین پر جنت کا نظارہ دینے والی وادی مقبوضہ کشمیر بھارتی مظالم اور بربریت کے باعث جہنم کا منظر پیش کرنے لگی ، مسلسل کرفیو کو 22 روز ہوگئے، ویران سڑکیں فوجیوں کے مورچے بن چکی ہیں۔
مقبوضہ کشمیر کی یوتھ لیگ مزاحمتی قیادت بھارتی مظالم کے خلاف میدان میں آگئی ہے، تنظیم نے جگہ جگہ پوسٹرز آویزاں کرکے ہفتہ وار احتجاج کی کال دی ہے، کشمیری آج تمام تر پابندیاں توڑ کر سری نگر کے لال چوک تک مارچ کریں گے۔
پوسٹر پر لکھا گیا ہے کہ بھارت کشمیری نوجوانوں کو تحریک آزادی سے دور کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کررہا ہے، کشمیری مسلمان متحد ہو کر سیاسی وابستگیوں سے آزاد ہوکر اسے ناکام بنائیں گے۔
قابض بھارت نے وادی میں تمام سرکاری عمارتوں سے کشمیر کا جھنڈا ہٹا دیا ہے،، وہاں اب صرف ترنگا لہرارہا ہے۔