Wednesday, January 19, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیرقانونی اقدامات سے خطے کے جغرافیائی حالات پیچیدہ ہیں،نیول چیف

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیرقانونی اقدامات سے خطے کے جغرافیائی حالات پیچیدہ ہیں،نیول چیف
September 19, 2019

 کراچی (92 نیوز) نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیرقانونی اقدامات کے بعد خطے کے جغرافیائی حالات انتہائی پیچیدہ ہیں۔

پاک بحریہ کی جنگی مشق شمشیر  بحر VII اور لاجسٹک مشق ترسیل بحر II کا اختتامی اجلاس آج کراچی میں منعقد ہوا۔ امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

تقریب میں آمد پر ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف(آپریشنز) اور مشق کے انتظامی افسر ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے مہمان خصوصی امیرالبحر ظفر محمود عباسی کا استقبال کیا۔ مشق کا جائزہ پیش کرتے ہوئے ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے مشقوں کے مقاصد ، مشقوں کے دوران بروئے کار لائے گئے طریقہ کار اور پاک بحریہ کی حکمت عملی کے مختلف پہلوﺅں سے متعلق سفارشات پیش کیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیول چیف نے پاک بحریہ کے منصوبوں کو عسکری اور قومی سکیورٹی پالیسی سے ہم آہنگ رکھتے ہوئے آئندہ لائحہ عمل کی تشکیل ، آپریشنل طریقہ کار اور ترقیاتی حکمت عملی وضع کرنے میں جنگی مشقوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔

مہمان خصوصی نے واضح کیا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے غیر قانونی انضمام کے حالیہ واقعے اور وادی میں بھارتی مسلح افواج کی جانب سے ظلم و بربریت اور سفاکیت کے باعث ہمارے خطے کا سیاسی و جغرافیائی ماحول بگڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ بھارتی قیادت آر ایس ایس ہندوئیتا نظریات کی پیداوار ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بنیاد پرستی پر مبنی ظلم و بربریت کی پالیسیوں کا نفاذ چاہتی ہے جو مسئلہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کے لئے پاکستان کے ساتھ ایک ٹکراو کا پیش خیمہ ہو سکتی ہے ۔ اسی لئے موجودہ ماحول کے پیش نظر مستقبل قریب میں ہماری قومی سلامتی کو مسلسل چیلنجز کا سامنا رہنے کے امکانات ہیں ۔ پاک بحریہ حکومتی پالیسیوں اور دیگر افواج کے ساتھ ہم آہنگ ہے اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کامنہ توڑ جواب دینے کے لئے ہر طرح سے تیار ہے۔

انہوں نے مزید زور دیا کہ ہم پر لازم ہے کہ ہم امن اور جنگ دونوں صورتوں میں پاکستان کی سمندری حدود کے دفاع اورسمندری مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے مکمل تیاری رکھیں اور کسی بھی قسم کی صورتحال کا بھرپور مقابلہ کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہیں۔

انہوں نے جنگی مشقوں کے انعقاد پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور آپریشنل منصوبوں ، ترقیاتی اور جنگی حکمت عملی کو مزید بہتر بنانے کے لئےپیش کی جانے والی سفارشات کو سراہا۔

اجلاس میں تینوں مسلح افواج اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔