سرینگر ( 92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بد ترین کرفیو 39ویں روز میں داخل ہو گیا ، قابض بھارتی فورسز نے جنت نظیر وادی کو جہنم بنا ڈالا، بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ضلع سوپورمیں ایک اور مظلوم کشمیری نوجوان شہید کر دیا گیا ۔ گھر گھر تلاشی کے دوران آٹھ بے قصور نوجوانوں کو حراست میں بھی لے لیا گیا۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم ہر حد پار کر گئے،ضلع سوپور میں قابض فورسز نے ایک اور نہتے کشمیری نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا، س کی شناخت آصف کے نام سے ہوئی ہے۔
نوجوان کی شہادت کے بعد سے علاقے میں حالات کشیدہ ہیں جبکہ کسی بھی قسم کے احتجاج کو روکنے کیلئے قابض فورسز نے پابندیوں کو مزید سخت کردیا ہے۔
دوسری جانب ترکی کی معروف خبر ایجنسی ٹی آر ٹی نے اعداد و شمار کے ذریعے بھارتی بربریت بے نقاب کر دی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 7 دہائیوں میں 95ہزار سے زیادہ کشمیریوں کو شہید، 20 ہزار سے زیادہ بچوں کو یتیم، اور تقریباً اتنی ہی خواتین کو بیوہ کیا جا چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آٹھ ہزار سے زائد کشمیریوں کو جبری طور پر گمشدہ کر دیا گیا، 200 سے زائد خواتین کی عصمت دری کی گئی،مقبوضہ وادی میں اب تک 6 ہزار سے زائد اجتماعی قبریں بھی دریافت ہو چکی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ تین سال کے دوران 6 ہزار سے زائد کشمیری پیلٹس کا شکار ہوئے جن میں سے دو سو بینائی سے محروم ہو گئے۔
ٹی آر ٹی نے مواصلاتی بندشوں کی طرف خصوصی توجہ دلاتے ہوئے بتایا کہ، پانچ اگست کے بعد سے وادی میں مواصلاتی بلیک آؤٹ ہے اور انٹرنیٹ کی 278 سے زائد سروسز بند پڑی ہیں۔