سرینگر(ویب ڈیسک)مقبوضہ وادی میں ایک بار پھر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرا دیا گیا،حریت رہنما علی گیلانی بھارتی فوج کو جل دے کر سری نگر سے ترال پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق حریت کانفرنس گیلانی گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی قابض بھارتی فوج کو جل دے کر ترال چلے گئے۔
بھارتی فوجی سری نگر میں علی گیلانی کو گھر میں نظر بند کرنے کے لیے آئے لیکن وہ ترال جا چکے تھے، ترال میں علی گیلانی نے بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے خالد مظفر کے گھر جا کر ان کے والد مظفر احمد وانی اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔
اس موقع پر ترال میں حریت رہنما علی گیلانی نے ایک ریلی سے خطاب بھی کیا، اس موقع پر ایک بار پھر ریلی کے دوران مقبوضہ وادی میں پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا۔
اس سے قبل حریت رہنما مسرت عالم پاکستانی پرچم لہرانے اور پاکستان کے حق میں نعرے بلند کرنے کی پاداش میں جیل میں ہیں۔