Saturday, July 27, 2024

مفاد عامہ کے تحت بنیادی حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے ، چیف جسٹس

مفاد عامہ کے تحت بنیادی حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے ، چیف جسٹس
February 3, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ مفاد عامہ کے تحت بنیادی حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے ۔
اسلام آباد میں عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثارنے کہا کہ بھول جائیں کہ یہاں کوئی سازش ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے ۔ جمہوریت ڈی ریل ہو گی تو ہم بھی نہیں رہیں گے ۔
چیف جسٹس نے کہا کہ آئین کی حفاظت ہماری ذمے داری ہے اور عدلیہ کی عزت و تکریم کیلئے کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے عدلیہ بھی ریاست کا اہم ترین ستون ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت پارلیمنٹ سپریم ہے لیکن آئین پارلیمنٹ سے بھی بالاتر ہے ۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے خطاب میں استفسار کیا کہ موجودہ حالات کےمطابق قانون میں تبدیلی کرنا کس کا کام ہے؟ ۔ ہمیں موجودہ حالات اور قوانین کے تحت لوگوں کو انصاف فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ اس ملک کیلئے کر سکتے ہیں کر جائیں ۔ عوام کے بنیادی حقوق پر سوموٹو لینا سپریم کورٹ کا اختیار ہے ۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ججوں سے خطاب میں مزید کہا کہ آپ نے بڑے بڑے مگرمچھوں کا احتساب کرنا ہے اور ان کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے ۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے مزید کہا کہ ملک میں عظیم لیڈر اور عظیم منصف آجائیں تو ملک کی ترقی کو کوئی نہیں روک سکتا ۔