مغربی بنگال کا سکیورٹی کیلئے تحریری یقین دہانی کا خط وزارت داخلہ کو ارسال، حکومت پاکستان بھارتی حکومت کی یقین دہانی کی منتظر
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) مغربی بنگال نے سیکورٹی کی تحریری یقین دہانی کرا دی۔ پی سی بی نے خط وزارت داخلہ کو ارسال کر دیا مگر حکومت پاکستان بھارتی حکومت سے تحریری یقین دہانی چاہتی ہے۔
تاریخ پر تاریخ گزرتی جا رہی ہے اور قومی کر کٹ ٹیم کے دورہ بھارت کا مسئلہ حل نہیں ہو پا رہا۔ مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بینرجی نے خط بھارتی کرکٹ بورڈ کے توسط سے پی سی بی کو بھجوا دیا اور پی سی بی نے یہ خط وزارت داخلہ کو ارسال کر دیا ہے۔ چئیرمین پی سی بی کہتے ہیں کہ حکومت جو بھی فیصلہ کرے ہم اس کے پابند ہیں مگر مسئلہ اب بھارتی حکومت کی طرف سے تحریری ضمانت کا ہے جس کو دینے کے لئے بھارتی حکومت ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے دو میچ موہالی میں بھی کھیلنے ہیں جس کی سیکورٹی پر اب تک بات نہیں ہوئی۔ دوسری جانب دھرم شالہ میں دھمکیاں دینے والے اب یہ بھی دعویٰ کر رہے ہیں کہ وہ پاکستانی ٹیم کو کولکتہ میں بھی سکھ کا سانس نہیں لینے دینگے جبکہ حکومت پاکستان کے مطابق سکیورٹی کے یہ مسائل موہالی میں بھی سامنے آسکتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ حکومت پاکستان چاہتی ہے کہ پاکستان مینز اور وومنیز ٹیم کی سکیورٹی کی مکمل ضمانت ملنے کے بعد ہی دونوں ٹیمیں بھارت کا سفر کریں ۔