Saturday, July 27, 2024

معمولی احتیاطی تدابیر اپنا کر جلد کی موسمی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے

معمولی احتیاطی تدابیر اپنا کر جلد کی موسمی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے
March 31, 2018

 لاہور (92 نیوز) سورج کی حدت اور موسمِ گرما کی شدت سے جلد کی مختلف بیماریاں بھی جنم لیتی ہیں ۔ پسینے سے پیدا ہونے والی موسمی خارش بسا اوقات انفیکشن کی صورت بھی اختیار کرلیتی ہے، تاہم چند معمولی احتیاطی تدابیر اپنا کر جلد کی موسمی بیماریوں  سے بچا جا سکتا ہے ۔

 گرمیوں کا موسم آتے ہی انسانی جلد مختلف بیمارریوں کی زد میں آ جاتی ہے ۔ تیز دھوپ میں جلد کا اوپری حصہ جھلس جانے سے رنگت سانولی نظر آنے لگتی ہے ۔ گرم مرطوب ہوا، مردہ خلیات اوراضافی چکنائی جلد کے مساموں کو بند کر دیتے ہیں جو بلیک ہیڈز اور آگے جا کر ایکنی اور پمپلز کی صورت اختیار کر لیتے ہیں ۔

 ماہرین طب ایسے میں جسمانی صفائی کو بہت اہم قرار دیتے ہیں ۔

 گرمیوں میں پسینہ بھی کثرت سے آتا ہے اور جسم کے مختلف حصوں پرخارش اور انفیکشن کا باعث بھی بن جاتا ہے ۔ نمکیات اور پانی کی کمی وجہ سے جلد خشک ہو جاتی ہے، اور اس کی اوپری پرت اترنے لگتی ہے ۔

 اس لیے طبی ماہرین گرمیوں میں پانی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کا مشورہ دیتے ہیں ۔

 گرم موسم میں فنگس انفیکشن بھی جلد کی عام بیماری ہے، جو ان لوگوں میں زیادہ ہوتی ہے جو چست کپڑے یا سارا دن جوتے پہنے رہتے ہیں ۔

 جلدی امراض کے ماہرین کہتے ہیں کہ مرض کی شدت کی صورت میں ڈاکٹر سے ضرورمشورہ کریں ۔