Sunday, December 5, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

معصوم زینب کا اغوا، بے حرمتی اور قتل، سوشل میڈیا پر بھی بھونچال آگیا

معصوم زینب کا اغوا، بے حرمتی اور قتل، سوشل میڈیا پر بھی بھونچال آگیا
January 10, 2018

قصور (92 نیوز) قصور کی معصوم زینب کے اغوا، بے حرمتی، اور قتل کیخلاف سوشل میڈیا پر بھی بھونچال آگیا۔ ہزاروں افراد نے دردناک واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زینب کیلئے انصاف کی مہم چلا دی۔ جسٹس فار زینب ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

جنسی درندوں کی بربریت کا شکار سات سالہ زینب سے زیادتی اور اس کے قتل کے خلاف سوشل میڈیا صارفین بھی یک آواز ہوگئے۔ سیاستدانوں، اداکاروں، صحافیوں اور سماجی کارکنوں سمیت ہزاروں پاکستانیوں نے ایک آواز ہوکر زینب کیلئےانصاف کی صدابلند کردی۔

سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ہزاروں لوگ جسٹس فار زینب کے ہیش ٹیگ سے چلائی گئی مہم میں شریک ہوئے اور اس افسوسناک واقعے پر اپنے دکھ کا اظہار کیا جبکہ کئی افراد نے ماضی میں زیادتی کا نشانہ بنائے گئے قصور کے بچوں کا بھی ذکر کیا۔

سیاستدان عارف علوی نے ملزموں کو سخت سزا دیئے جانے کا مطالبہ کیا اور والدین اور اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو اس حوالے سے آگاہی دیں جبکہ ریحام خان نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آئندہ ہفتے قصور میں چائلڈ ابیوز کے خلاف ہونےوالی ایک ریلی میں شریک ہوں۔

سابق رکن صوبائی اسمبلی ارم عظیم فاروقی کہتی ہیں کہ زیادتی کے مجرموں کو پھانسی دیکر ہی اس معاشرے کو پاک کیا جا سکتا ہے۔ سیدعلی رضا عابدی کہتے ہیں کیونکہ ہم نے قصور کے ماضی کے واقعات کی پیروی نہیں کی اس لئے ایسا ہوا۔

اداکار حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ وہ اپنے احساسات کا اظہار کن الفاظ میں کریں جبکہ سماجی شخصیت منیبہ مزاری نے واقعے کو خوفناک قراردیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ہم کس معاشرے میں رہ رہے ہیں؟ نادیہ جمیل نامی صارف نے لکھا کہ کب تک ہم بچوں سے نامناسب سلوک پر خاموش رہی گے؟

سوشل میڈیا صارفین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ملزموں کو سخت سے سخت سزاسنائے تاکہ معاشرے سے اس برائی کا قلع قمع کیا جاسکے۔