ویب ڈٰیسک: معروف فلسطینی صحافی اور کارکن وفا الودینی سوموار کی صبح اسرائیلی فضائی حملے میں اپنے اہل خانہ سمیت شہید ہوگئیں۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق شہید ہونے والوں میں انکے شوہر منیر اور دو بچے بلسم اور تمیم بھی شامل تھے ، جبکہ حملہ وسطی غزہ میں دیر البلاح میں ان کے گھر پر کیا گیا۔
فلسطین کے صحافیوں کے فورم ایف پی جے (FPJ) نے کہا کہ ، "قابض افواج نے صحافی وفا الودینی کو شہید کر دیا، جو فلسطینی بیانیہ کو غیر ملکی میڈیا تک پہنچانے کے لیے سرگرم کارکن تھیں، وہ اور ان کا خاندان اسرائیلی حملے میں شہید ہوگیا ۔"
ایف پی جے نے نشاندہی کی کہ صحافی الودینی نے اپنی زندگی مظلوم فلسطینی لوگوں کے مصائب کو بین الاقوامی اور فلسطینی میڈیا کے ذریعے دنیا تک پہنچانے کے لیے وقف کر دی تھی ۔
انہوں نے خاص طور پر انگریزی میں مضامین لکھنے، غیر ملکی کارکنوں کے ساتھ انٹرویو کرنے، اور آن لائن کانفرنسوں کے انعقاد اور انگریزی میں مختلف سرگرمیوں کے ذریعے بہت کام کیا ۔
ایف جے پی نے مزید کہا کہ "ان کی شہادت کے ساتھ، فلسطینی قومی میڈیا نے فلسطین اور اس کے لوگوں کے لیے محبت سے بھرپورایک آزاد آواز کھو دی ہے جو کہ آزادی اور خود ارادیت کے لیے لڑتے ہیں"۔
واضح رہے کہ اسرائیلی قابض فوج گزشتہ سال 7 اکتوبر سے غزہ میں کم از کم 174 صحافیوں اور دیگر میڈیا ورکرز کو قتل کر چکی ہے۔