Saturday, July 27, 2024

معروف امریکی میگزین فوربز کی فہرست میں 9 پاکستانی بھی شامل

معروف امریکی میگزین فوربز کی فہرست میں 9 پاکستانی بھی شامل
March 28, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) معروف امریکی کاروباری جریدے ’فوربز‘ نے اپنی سالانہ ’30 انڈر 30‘ کی ایشیا کی فہرست جاری کردی۔ نو پاکستانی بھی اس لسٹ میں اپنا نام شامل کروانے میں کامیاب ہوگئے۔ فہرست میں مجموعی طور پرتین سو افراد شامل ہیں۔

فوربز کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں پاکستان، بھارت، چین، ملائیشیا، انڈونیشیا، فلپائن، سنگاپور، سری لنکا، بنگلہ دیش اور نیپال سمیت ایشیا کے 24 ممالک کے ایسے نوجوانوں کو شامل کیا گیا ہے جن کی عمر 30 سال سے کم ہے۔

ایشیا کی فہرست میں فوربز نے 2018 میں آرٹ، موسیقی، ٹیکنالوجی، کنزیومر ٹیکنالوجی، انٹرٹینمنٹ اینڈ اسپورٹس، ینگیسٹ، میڈیا مارکیٹنگ اور سوشل انٹرپرینر سمیت دیگر مجموعی طور پر 10 کیٹیگریز کے لیے افراد کو منتخب کیا گیا ہے۔

پچیس سالہ مومنہ مستحن کوموسیقی، 24 سالہ محمد اسد رضا اور ابراہیم شاہ کو ہیلتھ کیئر اسٹارٹ اپ، سترہ سالہ محمد شہیر نیازی کو ہیلتھ کیئر اینڈ سائنس، 29 سالہ سعدیہ بشیر کو انٹرپرائز ٹیکنالوجی، 30 سالہ عدنان شفیع اور 28 سالہ عدیل شفیع کو ریٹیل اینڈ ای کامرس، 24 سالہ حمزہ فرخ اور سید فیضان حسین کوسوشل انٹرپرینر کی کیٹیگریز میں منتخب کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 2017 کی ’30 انڈر 30‘ فہرست میں 6 پاکستانیوں کے نام شامل کیے گئے تھے۔