Monday, November 29, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

مصطفیٰ کمال نے ”پاک سرزمین پارٹی“ کے قیام کا اعلان کر دیا

مصطفیٰ کمال نے ”پاک سرزمین پارٹی“ کے قیام کا اعلان کر دیا
March 23, 2016

کراچی (92نیوز) سابق ضلع ناظم کراچی مصطفیٰ کمال نے اپنی پارٹی کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنی پارٹی کا نام پاک سرزمین پارٹی رکھا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مصطفیٰ کمال اور ان کے ساتھیوں نے اپنی جماعت کے پہلے باقاعدہ اجتماع کا انعقاد مقامی ہال میں کیا۔ اس موقع پر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ لوگ بڑی تعداد میں خود یہاں پہنچے ہیں۔ انہیں کسی نے دعوت عام نہیں دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس سب کچھ تھا مگر ہم لات مار کر چلے گئے۔ ہم اقتدار اور مراعات کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں جن کے ذریعے خدمت نہ کی جاسکے۔ ان مراعات پر لعنت بھیجتے ہیں، مراعات آنی جانی چیزیں ہیں، عوام کی خدمت کے لیے آئے ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے اپنی تقریر کے دوران شعر پڑھا

عشق ٹوٹا تو استخارہ کیا
اور پھرعشق ہی دوبارہ کیا

سابق سٹی ناظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم ٹکڑوں میں بٹی ہوئی ہے، لوگوں کے دل جوڑنے آئے ہیں، ہم ڈیڑھ انچ کی مسجد بنانا نہیں چاہتے۔ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مزید صوبے اس وقت تک کارگر نہیں ہو سکتے جب تک مکمل طور پر با اختیار بلدیاتی نظام نہ ہو۔ جب بلدیاتی نظام میں با اختیار عوام ہوگی تو مسائل حل ہوں گے اس کے بعد نئے صوبے بننے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کی بلاامتیاز خدمت کی ہے۔ کراچی کے لوگ ہماری کارکردگی کے گواہ ہیں۔ شہریوں کی خدمت نہ کرنے دینے پر پارٹی کو چھوڑا، ہماری جدوجہد کا مقصد مراعات حاصل کرنا نہیں ہے۔ مصطفیٰ کمال نے اپنے کارکنوں کو ہدایت کی کہ ہمارے کارکنوں کو سب سے پہلے مخالفین کی عزت کرنی ہوگی۔ کسی پاکستانی سے دشمنی نہیں چاہتے، پاکستانی معاشرے کو مزید تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔

واضح رہے کہ تین مارچ کو مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی نے ایم کیو ایم سے الگ ہو کر نئی جماعت بنانے کا اعلان کیا تھا۔ ایم کیو ایم سے اب تک ڈاکٹر صغیر احمد، رضا ہارون ، افتخار عالم ، وسیم آفتاب اور انیس ایڈوکیٹ مصطفیٰ کمال کے قافلے میں شامل ہو چکے ہیں۔ مصطفیٰ کمال کی نئی جماعت کی جانب سے اپریل کے آغاز میں کراچی کے باغ جناح میں جلسے کا بھی اعلان کیا جاچکا ہے۔