مصحف علی میر کا طیارہ بالکل ٹھیک تھا !!! کراچی شپ یارڈ کو منافع بخش بنا دیا : وزیر دفاعی پیداوار
اسلام آباد (92نیوز) دفاعی پیداوار کے وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ مصحف علی میر کے طیارے کے حوالے سے آڈٹ حکام کی رپورٹ بے بنیاد ہے۔ مصحف علی میر کا طیارہ بالکل ٹھیک تھا۔ پاکستان عراق کو 52سپر مشاق طیارے فروخت کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیفنس ایکسپورٹ پرموشن بورڈ کے نئے بنائے گئے ڈسپلے سنٹرکے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے مصحف علی میر کے طیارے کے حوالے سے پی اے سی میں پیش کی گئی آڈیٹر جنرل کی رپورٹ مسترد کر دی اور کہا کہ آڈٹ حکام نے مینڈیٹ سے تجاوز کیا ہے۔
رانا تنویر نے کہا کہ مصحف علی میر کا طیارہ بالکل ٹھیک تھا اور طیارہ وزارت دفاع نے وزیراعظم کی منظوری کے بعد پاک فضائیہ کے حوالے کیا گیا تھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صنعت خودکفالت کی طرف بڑھ رہی ہے۔ پاکستان اور عراق کے درمیان 52 مشاق طیاروں کی خریداری کے حوالے سے معاہدہ برقرار ہے۔
وزیر دفاعی پیداوار نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ کو دو سال میں نقصان سے نکال کر منافع بخش بنا دیا گیا ہے۔ گوادر میں نئے شپ یارڈ کی تعمیر زیرغور ہے۔ سمری وزیراعظم کی منظوری کے لیے بھیج دی گئی ہے۔