Saturday, July 27, 2024

مشرف کو آرام سے جانے دینا اور ایان علی پر پابندی لگانا ظلم ہے : مولا بخش چانڈیو

مشرف کو آرام سے جانے دینا اور ایان علی پر پابندی لگانا ظلم ہے : مولا بخش چانڈیو
March 19, 2016
حیدرآباد (92نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ چند پیسوں کی خاطر ماڈل ایان علی پر بندشیں اور آئین توڑنے والے مشرف کو آرام سے جانے دیا گیا۔ سپریم کورٹ میں حکومت کی مجرمانہ خاموشی رضا مندی تھی، حکومت مشرف سے جان چھڑانا چاہتی تھی، یہ فیصلہ جمہوریت کو کمزور کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کی جانب سے حیدرآباد میں ”گو نواز گو“ ریلی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ آئین توڑنے والے پرویز مشرف کی آزادی ہمیں قبول نہیں ہے۔ احتساب آئین توڑنے اور ججوں کو پکڑنے والے کا نہیں ہوگا۔ احتساب ہوگا تو صرف پیپلزپارٹی کا ہوگا۔ حکومت کے رویے کی وجہ سے پیپلزپارٹی نے کال دے دی ہے اب ”گو نواز گو“ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کتنا بڑا ظلم ہے چند پیسوں کی خاطر ماڈل ایان علی کو بندشیں اور آئین توڑنے والے مشرف کو جانے دے دیا ہے۔ چوہدری نثار نے سارا الزام سپریم کورٹ پر لگا دیا ہے لیکن سپریم کورٹ میں حکومت کی مجرمانہ خاموشی یہ ظاہر کرتی ہے کہ وہ بھی پرویز مشرف سے جان چھڑانا چاہتی تھی۔ مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ حکومت نے جمہوریت کے خلاف سازش کی ہے اور پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے دینے کا فیصلہ جمہوریت کو کمزور کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ختم ہونے کا تاثر دیا جارہا ہے۔ میں تو کافی دنوں سے کہہ رہا ہوں کہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے۔ ہمیں انتقامی سیاست اور اداروں کی توہین قبول نہیں ہے۔ احتساب آئین کی حدود اور انصاف کے مطابق ہو تو ہمیں قبول ہے۔