Tuesday, September 17, 2024

مشتبہ شخص کی کلثوم نواز کے کمرے میں جانے کی کوشش،سکیورٹی نے روک لیا

مشتبہ شخص کی کلثوم نواز کے کمرے میں جانے کی کوشش،سکیورٹی نے روک لیا
June 17, 2018
لندن ( 92 نیوز) لندن ہارلے اسٹریٹ کلینک  میں زیر علاج بیگم کلثوم نواز کے کمرے میں مشتبہ شخص  نے داخل ہونے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا، سکیورٹی حکام نے نوید نامی شخص کو روک لیا، نوید نامی شخص نے خود  کو ہارلے کلینک کا ڈاکٹر ظاہر کیا، حسین نواز کا کہنا ہے پہلے ہی بہت پریشان ہیں ایسے لوگ مزید پریشان کررہےہیں ۔ ہارلے اسٹریٹ  کلینک میں ایک شخص نے خود کو ڈاکٹر ظاہر کر کے  کلثوم نواز کے کمرے میں داخل ہونے کی کوشش، پولیس نے مشتبہ شخص کو باہر نکال دیا ، مشتبہ شخص کی شناخت ڈاکٹر نوید کے نام سے ہوئی ، پولیس نے ڈاکٹر نوید کو وارننگ دیکر چھوڑ دیا، تاہم مزید معلومات کے لیے کسی بھی وقت طلب کیا جا سکتا ہے  ۔ نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا کہ مشتبہ شخص سکیورٹی کو بے وقوف بنا کر کمرے تک پہنچا، فیملی  پہلے ہی بہت پریشان ہے اور ایسے لوگ ہمیں مزید پریشان کررہے ہیں  ۔ حسین نواز نے دعویٰ کیا کہ ڈاکٹر نوید سے اسپتال کے اندر کی موبائل فوٹیج بھی برآمد ہوئی ، اگر کہیں قانون کی خلاف ورزی پائی گئی تو پولیس ڈاکٹر نوید کو حراست میں لے سکتی ہے ۔ دوسری جانب ڈاکٹر نوید کا کہنا ہے کہ اسپتال جانے کا مقصد کلثوم نواز کی عیادت کرنا تھا ، اگر غلط ہوتا تو  پولیس گرفتار کر لیتی ۔  واقعے کی وجہ سے ان کی فیملی بھی بہت پریشان ہوئی  ۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹرنوید پی ٹی آئی کے رہنما کاقریبی رشتہ دارہے جس نے این ایچ ایس کے قوائد کی خلاف ورزی کی ہے  ۔