Wednesday, September 28, 2022

مس فن لینڈ نے بھی ٹرمپ پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگا دیا

مس فن لینڈ نے بھی ٹرمپ پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگا دیا
نیویارک (ویب ڈیسک) امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اپنے ووٹرز میں مقبول ہوں نہ ہوں لیکن اپنی رنگینیوں کے قصوں میں خاصے مقبول ہوتے جا رہے ہیں۔ دو ہزار چھے کی مس فن لینڈ نے بھی جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کر دیا ہے جس کے بعد ٹرمپ کا اسکور بارہ ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ری پبلکن صدارتی امیدوار کی انتخابی مہم تو کچھ ٹھنڈی ہی چل رہی ہے لیکن خواتین چھیڑچھاڑ کے الزامات کی مہم عروج پر ہے۔ اب بارہویں خاتون بھی میدان میں آ گئی ہیں۔ دو ہزار چھے میں فن لینڈ کی ملکہ حسن منتخب ہونے والی نینی لاک سوسن نے الزام عائد کیا ہے کہ دس برس پہلے ایک ٹی وی شو سے پہلے ڈونلڈ ٹرمپ نے گروپ فوٹو بنوانے کے دوران ان کے ساتھ نازیبا حرکات کیں۔ اس موقع پر مس یونیورس کے مقابلے کی تین امیدوار بھی موجود تھیں۔ نینی کا کہنا ہے کہ وہ ٹرمپ کی اہلیہ ملینیا کے ساتھ ٹرمپ کے گھر پر پارٹیز میں بھی جاتی رہی ہیں۔ نینی کے ایک دوست کا کہنا ہے کہ ٹرمپ حقیقت میں اسے پسند کرتے ہیں کیونکہ ٹرمپ کے مطابق نینی کی شکل ان کی اہلیہ ملینیا سے بہت مشابہت رکھتی ہے۔