Friday, October 22, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

ملک بھرمیں مسیحی برادری کرسمس منارہی ہے

ملک بھرمیں مسیحی برادری کرسمس منارہی ہے
December 25, 2016

لاہور (92نیوز) ملک بھر میں مسیحی برادری کرسمس کا تہوار آج جوش و خروش سے منا رہی ہے۔ دیگر شہروں کی طرح لاہور میں بھی گرجا گھروں میں کرسمس کی خصوصی تقریبات ہوئیں۔ کرسمس کا آغاز دعائیہ تقاریب کے ساتھ کیا گیا جس میں خواتین اور بچوں سمیت مسیحی برادری کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

لاہور میں کرسمس کا آغاز کیتھڈرل چرچ میں ہونے والی دعائیہ تقریب سے کیا گیا جس میں بچوں اور خواتین سمیت مسیحی برادری کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا مانگی گئی اور امن اور بھائی چارے کے فروغ کا درس دیا گیا۔

تقریب میں شرکت کرنے والوں کا کہنا تھا کہ یہ دن حضرت عیسی کی ولادت کا دن ہے اور ان کی خواہش ہے کہ اس موقع پر امن اور محبت کے پیغام کو عام کیا جائے۔ دوسری جانب کرسمس کے موقع پر لاہور کے گرجہ گھروں کو برقی قمقوں سے سجایا گیا ہے اور لاہور پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پانچ ہزار اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔

ادھر محبت اور امن کا پیغام لئے سجی سجائی کرسمس امن ٹرین کا لاہور ریلوے سٹیشن پہنچنے پر وفاقی وزیر انسانی حقوق کامران مائیکل نے مسیحی اکابرین کے ساتھ شاندار استقبال کیا۔ پلیٹ فارم پر ہی کرسمس کا کیک کاٹا گیا اور ملی نغمے گائے گئے۔

وفاقی وزیر انسانی حقوق کامران مائیکل کا کہنا تھا کہ کرسمس امن ٹرین سے پوری دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج جائے گا۔ کراچی کے مختلف ہوٹلز میں کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کیلئے کرسمس ٹری سجادیے گئے ہیں۔ کرسمس کو مزید میٹھا بنانے کیلئے بیکریوں کو بھی مزیدار اور خوبصورت کیکس سے سجایا گیا ہے۔

کرسمس پر دنیا بھر کی طرح کراچی کے مختلف ہوٹلز میں بھی مسیحی برادری کیلئے خصوصی اہتمام کیا گیا ہے جہاں آکر وہ اپنے خاندان کے ساتھ بھرپور انداز میں لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لیے فوری اطلاع کی اجازت دیں

آپ کسی بھی وقت دائیں طرف نیچے بیل آئیکن پر صرف ایک کلک کے ذریعے آسانی سے سبسکرائب کر سکتے ہیں۔