Saturday, July 27, 2024

مسیحا کی غفلت سے مفلوج ہونیوالی بچی لیاقت نیشنل اسپتال منتقل ‏

مسیحا کی غفلت سے مفلوج ہونیوالی بچی لیاقت نیشنل اسپتال منتقل ‏
April 15, 2019

کراچی ( 92 نیوز) کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے نجی اسپتال دارالصحت میں انجکشن کی اوورڈوز لگنے مفلوج ہونے والی بچی کو لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کردیاگیاہے۔

گلستان جوہرکے نجی اسپتال میں مسیحا کی غفلت سے مفلوج ہونے والی نو ماہ کی بچی نشوا کو دارالصحت اسپتال سےلیاقت نیشنل میں منتقل کردیاگیا۔

بچی کے والد کاکہناہےوہ دارالصحت میں بچی کے علاج سے مطمئن نہیں تھے،اسی لئے دوسرے اسپتال منتقل کیاہے جہاں  بچی کا علاج بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

بچی کے والدنے گذشتہ شب دارالصحت اسپتال انتظامیہ کے خلاف مقدمہ بھی درج کروایاتھا۔

دوسری جانب دارالصحت اسپتال انتظامیہ کاکہناہےکہ غفلت کے مرتکب عملے کو نوکری سے نکال دیاہے ، بچی کاجہاں بھی علاج ہوگا اخراجات برداشت کرنے کےلئے تیار ہیں۔

گذشتہ روز بچی کو انجکشن کی اوورڈوز لگانے سے جسم مفلوج ہوگیا تھا۔