Tuesday, November 29, 2022

 مسٹر کول کے نام سے مشہوردھونی بنگلہ دیش کے خلاف ٹیم کی کارکردگی پر غصے میں آ گئے

 مسٹر کول کے نام سے مشہوردھونی بنگلہ دیش کے خلاف ٹیم کی کارکردگی پر غصے میں آ گئے
ڈھاکا(92نیوز)بھارتی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کرکٹ کی دنیا میں مسٹر کول کے نام سے مقبول ہیں،  لیکن بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے میں اپنی ٹیم کی کارکردگی سے ایسے غصے میں آئے کہ بنگلہ دیشی باؤلر کو کہنی مار کر زخمی کر دیا، بیچارے باؤلر کو طبی امداد کے لئے میدان سے باہر جانا پڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی ٹیم بنگلہ دیش سے میچ تو ہار گئی، ساتھ ساتھ کپتان دھونی اپنے غصے پر کنٹرول  بھی کھو بیٹھے۔ بھارتی بیٹنگ کے دوران پچیسویں اوور میں  دھونی  مستفیض الرحمان کی گیند پر رن لینے کے لئے دوڑے،  نوجوان باؤلر راستے میں آئے تو دھونی کے غضب کا نشانہ بن گئے، طاقتور دھونی نے ایسی کہنی رسید کی کہ لڑکھڑا کر رہ گئے۔ تکلیف کی وجہ سے انیس سالہ مستفیض کو گراؤنڈ سے باہر جانا پڑا اور ناصر حسین نے ان کا اوور مکمل کرایا۔ اس ٹکر کا غصہ پہلا میچ کھیلنے والے مستفیض نے سینتیسویں اوور میں واپس آ کر نکالا اور مزید تین بھارتی بیٹسمینوں کو پویلین  واپسی کی راہ دکھائی۔ وہ پانچ وکٹوں کے ساتھ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیئے گئے بھارتی ٹیم تین سو آٹھ رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف دو سو اٹھائیس رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔