مسلط وزیر اعظم خود کو ابھی بھی کنٹینر پر کھڑا سمجھتے ہیں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان نون لیگ مریم اورنگزیب کہتی ہیں مسلط وزیر اعظم خود کو ابھی بھی کنٹینر پر کھڑا سمجھتے ہیں۔
ن لیگی ترجمان نے دوران پریس کانفرنس وزیراعظم کے شریف اور بھٹو خاندان سے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا عمران خان نوازشریف اور شہبازشریف فوبیا میں مبتلا ہیں، الزامات دہرانے سے الزامات سچ ثابت نہیں ہو سکتے، جن کے جوتے کے تسمے بھی اپنے نہیں وہ کرپشن پر لیکچر دے رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ بی آر ٹی، مالم جبہ کیس پر ان کو کوئی سوال نہ کرے، نیب اور ایف آئی اے خاموش ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ کو مخالفین کے خلاف استعمال کیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا آٹا، چینی، کووڈ فنڈز تک نہیں چھوڑے گئے، چینی ایکسپورٹ کرکے چینی مہنگی کی گئی۔ کہا کہ آڈیٹر جنرل روزانہ کرپشن کے قصے سناتے ہیں۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ او آئی سی میں اگر عالمی برادری نے اچھے اقدامات لئے تو افغانستان کی بہتری ہوسکتی ہے۔