Saturday, September 14, 2024

مزید 4پروازیں منسوخ !!! پی آئی اے اور پائلٹوں کی لڑائی میں مسافر پس گئے

مزید 4پروازیں منسوخ !!! پی آئی اے اور پائلٹوں کی لڑائی میں مسافر پس گئے
October 3, 2015
کراچی (92نیوز) پی آئی اے اور پالپا تنازعہ نے مسافروں کی زندگی اجیرن کر دی۔ مزید 4 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جس کے بعد مجموعی طور پر 54 پروازیں اڑان نہ بھر سکیں۔ پی آئی اے ترجمان نے بحران پر قابو پانے کا دعویٰ کر دیا جبکہ پالپا عہدیدار مشیر ہوا بازی اور چیئرمین پی آئی اے کے براہ راست رابطے کا انتظار کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے اور پالپا اپنے اپنے موقف پر بضد ہیں۔ مسئلہ حل ہویانہ ہو مسافروں کیلئے جہاز کا سفر اذیت ناک بن گیا۔ آج بھی اطلاع دیے بغیر کراچی ائیرپورٹ سے4 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جس کی وجہ سے ہزاروں مسافروں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور انتظار کی اذیت بھگتنا پڑی۔ مجموعی طور پر 54 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ ادھر ترجمان پی آئی اے نے بحران پر قابو پانے کا دعویٰ کر دیا۔ کہتے ہیں 95 فیصد طیارے معمول کے مطابق پرواز کر رہے ہیں۔ جلد تمام پائلٹس کو پالپا کے دباو سے آزاد کرا لیا جائےگا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پالپا کو کل مذاکرات کی دعوت دی گئی تھی لیکن وہ نہیں آئے۔ آج انہیں باضابطہ خط بھجوایا گیا ہے۔ دوسری جانب صدر پالپا کا کہنا ہے کہ کسی دعوت نامے کا علم نہیں۔ مذاکرات کیلئے گئے تو قائم مقام چیئرمین نے مینڈیٹ نہ ہونے کا بہانہ بنا کر ٹال دیا۔ اب بات ہو گی تو صرف مشیر ہوابازی شجاعت عظیم یا چیئرمین پی آئی سے۔