Tuesday, October 4, 2022

مریم نواز ہمیشہ جھوٹ بولتی ہیں ، شہباز گل

مریم نواز ہمیشہ جھوٹ بولتی ہیں ، شہباز گل
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی مواصلات شہباز گل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز ہمیشہ جھوٹ بولتی ہیں۔ معاون خصوصی شہباز گل نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا ، کہا کہ گزشتہ 40 سال سے دو ٹبر سیاست میں آگئے  ، ان دو  خاندانوں کو جھوٹ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری دینی چاہئے ، یہ چاہتے ہیں ان کی ہر بات کا یقین کیا جائے، ن لیگ 3 افراد کی وجہ سے متاثر ہوئی، ن لیگ کی صورتحال کے ذمہ دار نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز ہیں۔ شہباز گل نے کہا کہ والد کی تیمارداری کیلئے مریم نواز نے رحم کی بھیک نہیں مانگی ؟، والد کی تیمارداری کا کہہ کر مریم نواز آج جیل سے باہر ہیں۔ کراچی واقعے پر  شہباز گل نے کہا کہ انہوں نے اپنے کیمرہ مین سے ویڈیو بنوائی اور کہا وائرل کر دو، پہلے ویڈیو کو لندن پھر پاکستان میں چلوایا گیا، کیمرہ مین نے کمرے سے لے کر باہر تک کیپٹن (ر) صفدر کی ویڈیو بنائی، کیمرہ مین نے پولیس افسر اور کیپٹن (ر) صفدر کو ہر جگہ فوکس کیا، کیپٹن (ر) صفدر کو پکڑنا ہوتا تو اور طریقوں سے پکڑا جاسکتا تھا، پیپلز پارٹی کے کہنے پر سندھ پولیس افسران نے چھٹی کی درخواستیں دیں۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا ن لیگ کی ترجمان دوسروں کو کرائے کے ترجمان کہتی ہیں، وہ یہ نہیں دیکھتی خود کہاں سے اور کیسے آئیں، نواز شریف اپنے اداروں کیخلاف باہر بیٹھ کر بولتے ہیں۔