Tuesday, September 17, 2024

مریم نواز کے اپنے ہی بیان حلفی نے ان کے جھوٹ کا پردہ فاش کر دیا

مریم نواز کے اپنے ہی بیان حلفی نے ان کے جھوٹ کا پردہ فاش کر دیا
June 20, 2018
لاہور (92 نیوز) مریم نواز کے اندرون اور بیرون ملک اثاثوں سےمتعلق تمام سابقہ بیانات جھوٹے نکلے۔ الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے بیان حلفی نے مریم نواز کے بیانات کی قلعی کھول دی۔ 92 نیوز نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف  کی صاحبزادی مریم نواز کے اثاثوں کی تفصیلات حاصل کر لیں۔ مریم نواز نہ صرف  چوہدری شوگر ملز ، حدیبیہ  پیپز ملز،حدیبیہ انجینئرنگ  پرائیویٹ لمیٹڈ میں شئیر ہولڈر ہیں جبکہ حمزہ سپننگ ملز اور محمد بخش ٹیکسٹائل ملزمیں بھی اپنا حصہ رکھتی ہیں۔ بات یہاں ختم نہیں ہوئی موصوفہ ارض پاک میں 1506 کنال  ایک مرلہ زرعی زمین  کی مالکن بھی نکل آئیں اور تو اور گھر کی بات گھر میں رہے اسی لیے  خاتون نے اپنی ہی فیملی  کی زیر تعمیر فلور مل میں 34 لاکھ 62 ہزارکی سرمایہ کاری  کر رکھی ہے۔ پیسے کی فراوانی یا بہتات کہئے،مریم نواز نے سوفٹ انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ کو 70 لاکھ کے روپے کا قرض بھی دے ڈالا۔ موصوفہ کو گفٹ کی مد میں ملنے والی رقم کا تو کیا کہیے ، مریم نواز کو 4 کروڑ 92 لاکھ 77 ہزار کے  گفٹ ملے۔ صنف نازک کے حسن کو چار چاند لگانے کے لیے زیورات  لازم و ملزوم سمجھے جاتے ہیں اسی لئے تو مریم نواز صرف 17 لاکھ کی جیولری رکھتی ہیں لیکن یہ کیا بھائی حسن نواز  کی 2 کروڑ 89 لاکھ کی مقروض بھی ہیں۔ اور پھر اللہ کا کرم ایسا خوب ہوا کہ صرف تین برسوں میں مریم بی بی کی زرعی زمین میں 548 کنال کا اضافہ ہو گیا اور جب آپ کام سے تھک جائیں تو بیرون ملک  جانا بھی ضروری ہے ، اس لیے گزشتہ 3 سال میں بیرون ملک سفر پر صرف 64 لاکھ کے اخراجات آئے ہیں۔