Sunday, December 4, 2022

مریم نواز کی گاڑی موٹر وے پر ٹول ٹیکس دیے بغیر گزر گئی

مریم نواز کی گاڑی موٹر وے پر ٹول ٹیکس دیے بغیر گزر گئی
لاہور  ( 92 نیوز) مسلم لیگ ن  کی نائب صدر مریم نواز کی گاڑی موٹروے پر ٹول ٹیکس دیئے بغیر گزر گئی،وزیرمواصلات مراد سعید نے واقعے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ  مریم نواز کو ٹول ٹیکس جرمانے سمیت ادا کرنا ہوگا،قانون سب کےلیے برابر ہے۔ دوسروں کو نصیحت خود میاں فصیحت ، دیانت داری اور قانون کی پاسداری کادرس دینے والوں نے خود ہی قانون کی دھجیاں اڑا دیں ۔ ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز  منڈی بہاؤالدین  میں جلسے کےلیے موٹروے پر پہنچیں اور قانون کو ٹائروں تلے روندتی ان کی گاڑی ٹول ٹیکس دیئے بغیر ہی گزر گئی۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے واقعے کا فوری نوٹس لیا اور مریم نواز  سے ٹول ٹیکس جرمانے سمیت وصول کرنے کااعلان کردیا ۔ مراد سعید نے کہا کہ کہا،،آج ہی مریم  نواز کو بل بھجوا دوں گا ، قانون سب کے لیے برابر ہے ، کسی کے ساتھ فرق نہیں کرسکتے۔ واقعے پر موٹروے پولیس کا مؤقف بھی سامنے آگیا ، ترجمان کاکہناتھا کہ قافلے میں شامل افراد نے ہنگامہ آرائی کی کوشش کی ،جس سے بچنے کے لیے قافلے کو جانے دیا،ہنگامہ آرائی کرنے والوں کی شناخت کاعمل جاری ہے۔ دوسری طرف ذرائع کے مطابق 80 سے زائد افراد نے ٹول پلازہ پر ہنگامہ آرائی کی کوشش کی۔