مریم نواز کا احتجاجی سرکاری ملازمین کی حمایت کا اعلان
![مریم نواز کا احتجاجی سرکاری ملازمین کی حمایت کا اعلان](https://urdu.92newshd.tv/wp-content/uploads/2021/02/20210210091040_feature_image_27.jpg)
لاہور (92 نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے احتجاجی سرکاری ملازمین کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
مریم نواز نے کہا سرکاری ملازمین پر تشدد، آنسو گیس اور گرفتاریاں ظالمانہ ہتھکنڈے ہیں۔ سرکاری ملازمین کی قربانیاں پاکستان میں ظالم، عوام دشمن، ووٹ چور، کمشن خور حکومت کے خاتمے کا اعلان ہے۔ تین سال میں ظالم حکومت نے عوام بالخصوص سرکاری ملازمین کو مہنگائی کی چکی میں پیس کر رکھ دیا ہے۔ پہلی حکومت ہے جس نے چار گنا مہنگائی کے باوجود تین سال میں ایک روپے کا سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں اضافہ نہیں کیا۔
مریم نواز نے کہا ہم سرکاری ملازمین کے حقوق اور ان پر تشدد کے خلاف پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔ گرفتار سرکاری ملازمین کو فی الفور رہا ، مطالبات کو تسلیم کیا جائے ۔ جعلی حکمران اتنا ظلم کریں، جتنا خود سہہ سکیں۔ انہوں نے کہا 126 دن اسلام آباد میں دھرنا دینے والے سے سرکاری ملازمین کا جائز احتجاج برداشت نہیں ہو رہا۔ مغربی جمہوریت کے دعویدار کا فسطائی اور آمرانہ چہرہ آج پوری قوم نے دیکھ لیا۔ تنخواہوں میں اضافے اور جائز مطالبات کرنے والے ملازمین پر تشدد بے رحم، ظالم حکمرانوں کی پہچان ہے۔