مریم نواز سرٹیفائیڈ جھوٹی ہیں، فرخ حبیب
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا، مریم نواز سرٹیفائیڈ جھوٹی ہیں۔
جمعرات کے روز انہوں نے اپنے بیان میں ردعمل دیتے ہوئے کہا، اگر یہ واقعی کشمیری ہوتے تو شادی پر مودی کی بجائے حریت قیادت کو مدعو کرتے۔ نواز شریف کا خاندان بھگوڑا اور بیٹی سزا یافتہ ہے۔ ایسے اعزازات کم ہی کسی خاندان کو حاصل ہوتے ہیں۔
وزیر مملکت بولے کہ، اس وقت تو بلڈ سیل اسٹاک ایکسچینج کی طرح اوپر نیچے ہورہے تھے جب نواز شریف لندن پہنچے تو ٹھیک ٹھاک ہوگئے۔ لندن میں پولو میچ، پرتعیش کھانوں سے محظوظ ہورہے ہیں۔ لندن میں بیٹھ کر الطاف حسین ٹو بنے مودی کے بیانیے کو آگے بڑھا رہے ہیں، پاکستان میں یہ خدمات مریم کے سپرد ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ، گلگت بلتستان کے عوام کی طرح آزاد وجموں کشمیر کے عوام بھی انہیں 25 جولائی کو عبرت ناک شکست دیں گے۔ مریم صفدر واحد پاکستانی جنہیں مودی کی بھتیجی ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ مریم بتائے نواز شریف مودی کی یاری میں اتنے دیوانے کیوں ہوگئے تھے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو کا نام نہیں لیتے تھے۔
عمران خان کشمیریوں کے دلیر اور سچے وکیل ہیں، عمران خان نے اقوام متحدہ، ٹرمپ سے ملاقات، او آئی سی سمیت ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑا ہے۔ مریم صفدر، نواز شریف کی کرپشن کی حقیقی وارث، پرورش کرپشن کے پیسوں سے ہوئی ہے۔