Tuesday, April 30, 2024

مریم اور یوسف کے جوڈیشل ریمانڈ میں دو روز کی توسیع

مریم اور یوسف کے جوڈیشل ریمانڈ میں دو روز کی توسیع
October 23, 2019
لاہور ( 92 نیوز) احتساب عدالت لاہور نے چودھری شوگر ملز کیس میں مریم اور یوسف کے جوڈیشل ریمانڈ میں دو روز کی توسیع کر دی ۔ جیل واپسی سے قبل مریم نواز کی نواز شریف سے ملاقات کی درخواست مسترد کر دی گئی ، مریم نواز نے نواز شریف کو ٹیلی فون کیا اور بات کرتے ہوئے رو پڑیں ۔ مریم نواز اور یوسف عباس کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر جیل  احتساب عدالت لاہور پیش کیا گیا  ، احتساب عدالت کے جج چودھری امیر محمد خان  نے کیس کی سماعت کی ،عدالت نے استفسار کیا کہ ریفرنس  کب تک دائر کیا جائے گا جس پر  نیب پراسیکیوٹر نے  عدالت کو جواب دیا کہ ریفرنس تیاری کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے ، چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد دائر کر دیا جائے گا۔ عدالت نے ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں دو روز کی توسیع کرتے ہوئے 25 اکتوبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ مریم نواز  اور یوسف عباس نیب کی تحویل میں  48 روزہ جسمانی ریمانڈ پر رہ چکے ہیں جس کے بعد عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا ۔ مریم نواز کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے اندر اور باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی جب کہ  ایم اے او کالج تا سیکرٹریٹ  راستے کنٹینرز اور رکاوٹیں لگا کر بند کئے گئے تھے ۔ مریم نواز اور یوسف عباس کی احتساب عدالت میں مجموعی طور پر آج ساتویں پیشی تھی جب کہ جوڈیشل ریمانڈ کے بعد دوسری پیشی تھی ، مریم نواز کو نواز شریف سےملاقات کے موقع پر کوٹ لکھپت جیل کے باہر سے 8 اگست کو گرفتار کیا گیا تھا۔ کمرہ عدالت میں جانے کی اجازت نہ دینے پر ن لیگی وکلاء نے پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔  مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ  سیاسی مخالفین کےخلاف کوئی مقدمہ نہیں بن رہا تو اغواء کرنے کی مہم چلا دی گئی ہے۔نواز شریف کو کچھ ہوا تو ذمہ دار ایک انسان ہو گا۔