Saturday, July 27, 2024

پشاور: ضلع مردان ایک بار پھر دہشتگردی کا نشانہ، خودکش حملے میں ایک شخص جاں بحق، اٹھارہ زخمی

پشاور: ضلع مردان ایک بار پھر دہشتگردی کا نشانہ، خودکش حملے میں ایک شخص جاں بحق، اٹھارہ زخمی
April 19, 2016
پشاور (نائنٹی ٹو نیوز) خیبرپختونخوا کا ضلع مردان ایک بار پھر دہشت گردی کا نشانہ بن گیا۔ ایکسائز آفس خودکش حملے میں ایک شخص جاں بحق اٹھارہ افراد زخمی ہو گئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ حملہ آور نے پہلے گارڈ پر فائرنگ کی اور پھر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ مردان  ایک بار پھر دھماکے سے گونج اٹھا۔ اس بار مردان کے مال روڈ پر واقع محکمہ ایکسائیز کا دفتر دہشت گردی کا نشانہ بنا۔ پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور نے ایکسائیز آفس پہنچ کر گارڈ پر فائرنگ کی۔ بھگدڑ مچی تو حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے سے کئی افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو اہلکار اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹراسپتال اور مردان میڈیکل کمپلکس منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں پولیس اے ایس آئی اور دو ایکسائز انسپکٹر بھی شامل ہیں۔ ڈی پی او مردان نے بتایا کہ خودکش حملے میں آٹھ سے دس کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ مردان میں چند ماہ میں سرکاری دفاتر کو نشانہ بنانے کی یہ دوسری بڑی کارروائی ہے تاہم اس خودکش حملے میں کوئی بڑا جانی نقصان نہیں ہوا۔