Tuesday, April 30, 2024

مراد علی شاہ آپے سے باہر،ووٹر کے سوالوں پر برہم،ویڈیو بنانےپر صحافی کا موبائل چھین لیا

مراد علی شاہ آپے سے باہر،ووٹر کے سوالوں پر برہم،ویڈیو بنانےپر صحافی کا موبائل چھین لیا
June 27, 2018
سیہون ( 92 نیوز) سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ووٹروں کی جانب سے  مسائل اور شکایات سنانے پر  آپےسے باہر ہو گئے  ، سیہون میں ووٹر نے  اپنے مسائل اور شکایات بتائیں تو  مراد علی شاہ  ناراض  ہو گئے ، صحافی نےوڈیو بنائی تو مراد علی شاہ نے موبائل چھین لیا۔ سندھ میں مسلسل دس سال تک حکومت کرنے والی پیپلزپارٹی کو انتخابی مہم کے دوران مشکلات کا سامنا ہے ، ووٹرز نے امیدواروں کو کھری کھری سنانا شروع کردی ہیں ۔ مراد علی شاہ  نے بپھرے ووٹر کو بہلانے پھسلانے کی کوشش کی  مگر کوئی کوشش کارگر ثابت نہ ہوئی  تو تھوڑا طیش میں آگئے بولے کہ مجھے بھی سنو گے یا نہیں ؟ ۔ سندھ کے سابق سائیں کو غصہ تو تھا ووٹر پر  مگر اسی دوران نظر پڑی صحافی پر جو ویڈیو بنا رہا تھا  ، سائیں برا مان گئے اور صحافی سے موبائل چھینا ،گارڈ کو دیا اور فرماتے ہیں آپ کو ویڈیو بنانے کا بڑا شوق ہے کیا ؟ ۔ پریس کانفرنس میں صحافی نے موبائل چھیننے پر سوال اٹھایا تو کہتے ہیں میرے ڈرائنگ روم میں صحافی گھس گیا تھا کچھ اخلاقیات ہوتی  ہے ۔ صحافی تو اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں نبھا رہا تھا تو جمہوریت اور آزادی صحافت کا نعرہ لگانے والے رہنما کا ایسا رویہ کیوں ؟۔ اس سے پہلے سابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی اور پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ کو بھی اپنے آبائی حلقے میں ووٹروں کے تلخ سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔  سید خورشید شاہ بھی  ووٹرز کی شکایات پر جواب نہ دے پائے اور خاموشی سے چلتے بنے ۔