Saturday, July 27, 2024

مذہبی جماعتوں کا حکومتی کرپشن کیخلاف گلی کوچوں میں احتجاج کا اعلان

مذہبی جماعتوں کا حکومتی کرپشن کیخلاف گلی کوچوں میں احتجاج کا اعلان
April 19, 2016
اسلام آباد (92نیوز) پاناما لیکس نے سیاسی ماحول گرما دیا۔ مذہبی جماعتوں کے اجلاس کے بعد سراج الحق کا کرپشن کے خلاف گلی کوچوں میں جدوجہد شروع کرنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں مذہبی جماعتوں کی رہبر کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں امیر جماعت سراج الحق، امیر جمعیت اہلحدیث ساجد میر، قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی اور لیاقت بلوچ سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رہنماﺅں نے کہا کہ پانامہ لیکس میں کسی مذہبی جماعت یا رہنما کا نام نہیں آیا۔ مسلح دہشت گردی کے ساتھ ساتھ معاشی اور نظریاتی دہشت گروں کا بھی محاسبہ ہونا چاہیے۔ جے یو آئی کے نائب امیر مولانا فضل علی حقانی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اسلامی نظریہ اور خاندانی نظام کو خطرات لاحق ہیں، حقوق نسواں بل عجلت اور بیرونی دباﺅ پر پاس کرایا گیا۔ مذہبی رہنماﺅں کا کہنا تھا کہ ملک کو کرپٹ عناصر سے نجات دلانے کے لیے جلد گلی کوچوں میں عملی جدوجہد شروع کریں گے۔ پاکستان کے عوام کے حقوق اور نظریہ کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی۔