مخصوص نشستوں پر مخصوص خواتین کی نامزدگی کیخلاف ن لیگی خواتین کااحتجاج
لاہور ( 92 نیوز) ن لیگ کی موروثی سیاست کیخلاف خواتین کارکن سراپا احتجاج بن گئیں ۔عام انتخابات کیلئےٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف خواتین کا پارٹی کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔
دوسری سیاسی جاعتوں کی طرح ن لیگ کی جانب سے بھی پارٹی ٹکٹس کے لیے خواتین ورکرز کو نظر انداز کر دیا گیا جس کے باعث خواتین کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ماڈل ٹاؤن میں واقع سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے گھر کے باہر دھرنا دے دیا۔
ٹکٹس نہ ملنے پر ن لیگی خواتین کارکنان نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ٹکٹس کی تقسیم میں غیر جانبداری سے کام لیا جبکہ ہماری قربانیوں کی پرواہ نہیں کی گئی ۔
لیگی ورکرز نے شکوہ کیا کہ پارٹی میں کسی نے دوستوں کو ٹکٹ دیا اور کسی نے رشہ داروں کو، اگر میاں صاحب نے عزت لینی ہے تو ورکرز کو بھی عزت دیں۔
ٹکٹس سے محروم ن لیگی خواتین کارکنان کا کہنا تھا کہ جب تک ان کے مطالبات منظور نہیں ہوں گے وہ اسی طرح سراپا احتجاج رہیں گی۔