Saturday, July 27, 2024

مخالفین سازشیں بند، فیتے کاٹنے کو برداشت کریں: وزیراعظم

مخالفین سازشیں بند، فیتے کاٹنے کو برداشت کریں: وزیراعظم
February 8, 2017

شیخوپورہ (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف کہتے ہیں کہ مخالفین ملکی ترقی کے خلاف سازشیں کرنا بند کر دیں اور فیتے کاٹنے کو برداشت کریں، محنت کی تو ہی فیتے کاٹ رہے ہیں۔ ایک حکومت ہاتھ پر ہاتھ دھرے چلی گئی۔ عوام کو حکومتوں کو فرق سمجھنا چاہئے۔

شیخوپورہ میں بھکھی پاور پلانٹ کے افتتاح پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے جہاں اپنی حکومت کے کارنامے گنوائے وہیں سیاسی مخالفین کو برداشت کا بھی خوب سبق پڑھایا اور کہا کہ فیتے کاٹنے پر سلگنے والے برداشت سے کام لیں۔

وزیراعظم نے پیپلزپارٹی کے دور حکومت پر بھی کھل کر تبصرہ کیا اور کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی رہی اور پھر چلتی بنی۔

وزیراعظم نوازشریف نے موجودہ دور حکومت میں ہی لوڈشیڈنگ کے مکمل خاتمے کا عزم دہرایا اور کہا کہ بجلی کے سستے منصوبوں کے لئے تھر کا کوئلہ استعمال کیا جائے گا۔ نوازشریف نے گوادر کو کوئٹہ کے ذریعے خیبرپختونخوا سے ملانے اور کراچی میں سرکلر ریلوے تعمیر کرنے کی بھی نوید سنائی۔