Saturday, December 4, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

مخالفت برائے مخالفت کے قائل نہیں ، بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے ، سراج الحق

مخالفت برائے مخالفت کے قائل نہیں ، بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے ، سراج الحق
July 30, 2018
لاہور (92 نیوز) متحدہ مجلس عمل کے نائب صدر سراج الحق نے پارلیمنٹ سے حلف نہ لینے کی مولانا فضل الرحمان کی تجویز مسترد کر دی ۔ انہوں نے کہا کہ مخالفت برائے مخالفت کے قائل نہیں، بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔ منصورہ لاہور میں جماعت اسلامی کی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا حالیہ انتخابات میں  کراچی سے دیر اور چترال تک انتخابی نتائج بروقت جاری نہ کیے جاسکے اور الیکشن کے پورے عمل کو مشکوک بنایا گیا، پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال کر ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کرنا انتہائی افسوس ناک عمل ہے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی گردن پر انگوٹھا رکھ کر اس کی روح نکالنے کی کوشش کی گئی تاہم شدید تحفظات کے باوجود نئی حکومت کو کام کرنے کا موقع دینا چاہتے ہیں، پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنانے کے عمران خان کا وعدہ پورا ہونے کا انتظار کریں گے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا تھا کہ متحدہ مجلس عمل کا ہنگامی اجلاس اسلام آباد میں طلب کرلیا گیا جس کے دوران پارٹی صدر مولانا فضل الرحمان کو اسمبلی میں اپوزیشن کرنے پر قائل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور ان سے حلف نہ لینےکا فیصلہ واپس لینے پر بھی بات ہو گی۔