Thursday, October 6, 2022

محکمہ موسمیات نے 7جون کو پہلے روزے کا امکان ظاہر کر دیا

محکمہ موسمیات نے 7جون کو پہلے روزے کا امکان ظاہر کر دیا
اسلام آباد (92نیوز) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چھ جون کو ماہ رمضان کا چاند نظر آنے کا امکان ہے۔ چاند نظر آنے کی صورت میں پہلا روزہ سات جون کو ہو گا۔ ماہ جون میں گرمی کی لہر برقرار رہے گی جبکہ جون کے آخری ہفتے میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول کا کہنا ہے کہ انتیس شعبان یعنی چھ جون کو ماہ رمضان کا چاند نظر آنے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں ماہ رمضان کے چاند نظر آنے کے زیادہ امکانات ہیں اگر چاند چھ جون کو نظر آجاتا ہے تو پہلا روزہ سات جون کو ہو گا۔ ڈی جی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے چند روز میں گرمی کی لہر میں اضافہ ہونے کا امکان ہے اور اس گرمی کی لہر سے شمالی علاقہ جات اور گلیات بھی نہیں بچ پائیں گے۔ ڈاکٹر غلام رسول کا کہنا ہے کہ نئی آنے والی گرمی کی لہر سے درجہ حرارت میں دو سے تین سینٹی گریڈ کا اضافہ ہو گا۔ ڈاکٹر غلام رسول کا کہنا ہے کہ جون کا مہینہ خشک اور گرم رہے گا تاہم امکان ہے کہ جون کے آخری ہفتے میں بارش سے درجہ حرارت میں کمی ہو گی۔