محکمہ ثقافت سندھ کی جانب سے خوشبو کی شاعرہ پروین شاکر کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریب کا اہتمام

کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) کراچی میں محکمہ ثقافت نے خوشبو کی شاعرہ پروین شاکر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریب کا اہتمام کیا۔ شعراء کا کہنا تھا کہ پروین شاکر نئے عہد کا ستارہ تھیں جس کی چمک دمک نے سب کو اپنا گرویدہ بنائے رکھا۔
محکمہ ثفافت سندھ کے تحت کراچی کے مقامی ہوٹل میں ہونے والی تقریب میں معروف شاعرہ پروین شاکر کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شرمیلا فاروقی نے میزبانی کے فرائض سرانجام دیئے۔ ملک بھر سے آئے شعرا، پروفیسر سحر انصاری، کشور ناہید اور فاطمہ حسن نے پروین شاکر کی شاعری اور ان کی شخصیت سے حاضرین کو آگاہ کیا۔
سندھ کی وزیر ثفافت شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ تقریب کا مقصد نوجوان نسل کو لیجنڈ شعرا کے فن سے متعارف کرانا ہے۔ تقریب کے آخر میں محفل موسیقی کا اہتمام کیا گیا جس میں غلام عباس اور دیگر گلوکاروں نے پروین شاکر کا کلام گا کر حاضرین سے داد وصول کی۔