Friday, September 20, 2024

محمود خان صوبائی اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ میں 77 ووٹ لیکر کامیاب

محمود خان صوبائی اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ میں 77 ووٹ لیکر کامیاب
August 16, 2018
پشاور ( 92 نیوز) تحریک انصاف کے محمودخان خیبرپختونخوا کے کپتان اعلٰی منتخب ہوگئے ، محمودخان نے 77 ووٹ لے کر اپوزیشن کے میاں نثارگل کو مات دی،  میاں نثار گل33ارکان  کی حمایت حاصل کرسکے ، مشتاق غنی اجلاس کی صدارت کے باعث جبکہ امجد علی فریضہ حج کی ادائیگی کےلئے بیرون ملک ہونے کے باعث رائے شماری میں حصہ نہ سکے۔ خیبرپختونخوا میں نئی حکومت سازی کا ایک اور مرحلہ مکمل ہوگیا ،  وزیراعلٰی خیبرپختونخوا کے چناؤ کےلئے اسپیکر مشتاق غنی کی زیرصدارت اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ ممبران کے ایوان میں پہنچنے کےلئے پانچ منٹ انتظارکیا گیا پھر اسمبلی ہال کے تمام دروازے بند کردیئےگئے۔ اسپیکر نے پی ٹی آئی کے محمود خان کے حامی ممبران کو لابی نمبر دو جبکہ اپوزیشن کے میاں نثار کی حامیوں کو لابی نمبرایک میں جانے کی ہدایت کی۔ لابیز میں ممبران کی گنتی کے بعد اسپیکر نے نتائج کا اعلان کیا اور تحریک انصاف کے محمود خان کو وزیراعلٰی خیبرپختونخوا منتخب قرار دیا۔ نومنتخب وزیراعلٰی نے ایوان سے اپنے پہلے خطاب میں " سے نو ٹو کرپشن" کا نعرہ لگایا، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے وژن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے ایوان میں محمودخان کو وزیراعلٰی منتخب ہونے پرمبارک باد دی۔