Wednesday, December 7, 2022

محمد یوسف نے افغان کرکٹ ٹیم کے کوچ کیلئے درخواست جمع کرا دی

محمد یوسف نے افغان کرکٹ ٹیم کے کوچ کیلئے درخواست جمع کرا دی
کراچی (92نیوز) سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف اور عتیق الزماں نے افغانستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ کیلئے درخواست جمع کرا دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ایک طرف پی سی بی غیرملکی کوچز پر مہربان ہے تو دوسری جانب غیرملکی ٹیمیں پاکستان کے لیجنڈ کرکٹرز کو کوچ بنانا چاہتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف نے اپنے ایجنٹ کے ذریعے افغانستان کرکٹ بورڈ کو ہیڈ کوچ کی اسامی کیلئے درخواست بھجوا دی ہے۔ اس کے علاوہ ایک اور سابق ٹیسٹ کرکٹر عتیق الزماں نے بھی کوچنگ کیلئے درخواست جمع کرائی ہے جو پاکستان کی طرف سے ایک ٹیسٹ اور تین ون ڈے کھیل چکے ہیں۔ افغانستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا عہدہ سابق پاکستانی بلے باز انضمام الحق کے مستعفی ہونے پر خالی ہوا ہے۔ انضمام الحق نے قومی ٹیم کا چیف سلیکٹر بننے کیلئے افغان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ کے عہدے سے استعفیٰ دیاتھا۔ افغانستان کرکٹ بورڈ کے شفیق ستانک زئی کا کہنا ہے کہ درخواستیں ستائیس مئی تک وصول کی جائیں گی جس کے بعد اگلے مرحلے کا آغاز ہو گا۔