Thursday, October 6, 2022

محمد عامر کے انتخاب کو مشکوک نہ بنایا جائے‘ اب مسئلہ ختم ہو گیا : شہریارخان

محمد عامر کے انتخاب کو مشکوک نہ بنایا جائے‘ اب مسئلہ ختم ہو گیا : شہریارخان
لاہور (92نیوز) چیئرمین پی سی بی نے کہا ہے کہ محمد عامر کو ابھی کیمپ میں بلایا ہے‘ ٹیم میں شامل نہیں کیا۔ تفصیلات کے مطابق اظہرعلی اور محمد حفیظ سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے کہ دونوں سے ملاقات اچھی رہی اور میں نے دونوں کرکٹرز کو موقف پیش کرنے کا بھرپور موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ان کی کئی باتیں مان لی ہیں اور کئی نہیں مانیں۔ دونوں کو اچھی طرح سمجھایا ہے‘ دونوں نے میری بات توجہ سے سنی۔ انہوں نے کہا میں نے انہیں کہا ہے کہ جب کسی کا انتخاب ہو جاتا ہے تو پھر اسے مشکوک نہ بنایا جائے‘ عامر صراط مستقیم پر آ گئے ہیں اور اب معاملات ٹھیک ہیں۔ انہوں نے کہا ٹیم کا اعلان تین چار دن تک ہو جائے گا‘ محمد عامر کو ابھی ٹیم میں شامل نہیں کیا لیکن کیمپ میں بلایا ہے‘ عامر کو ڈسپلن کی پابندی سے متعلق سمجھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا اب مسئلہ ختم ہو گیا ہے‘ حفیظ اور اظہر دونوں ٹریننگ کیمپ میں آ رہے ہیں۔