Monday, November 29, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

عامر، آصف اور سلمان بٹ کیلئے قومی ٹیم ابھی کوئی جگہ نہیں: چیف سلیکٹر

عامر، آصف اور سلمان بٹ کیلئے قومی ٹیم ابھی کوئی جگہ نہیں: چیف سلیکٹر
September 2, 2015
لاہور (92نیوز) سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں پانچ سالہ پابندی کی سزا ختم ہونے کے بعد محمد عامر، محمد آصف اور سلمان بٹ ٹیم میں واپسی کی امید لگائے بیٹھے ہیں لیکن چیف سلیکٹر ہارون رشید نے تینوں کرکٹرز کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ چیف سلیکٹر کا کہنا ہے کہ تینوں کرکٹرز کے لئے ابھی ٹیم میں کوئی جگہ نہیں۔ ایک انٹرویو میں ہارون رشید نے کہا کہ محمد عامر، محمد آصف اور سلمان بٹ کو ٹیم میں شامل کرنا ان کرکٹرز کے ساتھ زیادتی ہو گی جنہوں نے گزشتہ پانچ سال میں ٹیم کے لئے مشکلات برداشت کیں۔ ہارون رشید نے کہا کہ موجودہ ٹیم میں شامل جو کھلاڑی سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے عینی شاہد ہیں ان کے لئے تینوں کرکٹرز کو ٹیم میں واپس دیکھنا آسان نہیں ہو گا۔ محمد عامر، محمد آصف اور سلمان بٹ کو عوام اور کرکٹ شائقین کو بار بار یہ بتانا ہو گا کہ وہ غلطی کرنے پر پچھتا رہے ہیں اور شرمندہ ہیں، انہیں اس بات کی ضمانت دینا ہو گی کہ آئندہ ٹیم میں شامل ہوئے تو صرف ملک اور کرکٹ کی بہتری کے لئے کام کریں گے۔ چیف سلیکٹر نے کہا کہ تینوں کرکٹرز کو قومی ٹیم میں تو کیا ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی آسانی سے قبول نہیں کیا جائے گا، ڈومیسٹک کرکٹ میں ان تینوں کی صرف کارکردگی ہی نہیں بلکہ کردار کو بھی پرکھا جائے گا۔