Thursday, January 20, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

محض اتفاق ہے یا کچھ اور عیسوی سال کی چھبیس تاریخ زلزلوں کے لحاظ سے انتہائی خطرناک، اٹھارہ زلزلے اور ایک سونامی آچکا

محض اتفاق ہے یا کچھ اور عیسوی سال کی چھبیس تاریخ زلزلوں کے لحاظ سے انتہائی خطرناک، اٹھارہ زلزلے اور ایک سونامی آچکا
December 26, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) عیسوی سال کی چھبیس تاریخ زلزلوں کے لحاظ سے انتہائی خطرناک ہے۔ دنیا میں خوفناک زلزلے اور سونامی کی تاریخ کو دیکھا جائے تو سب چھبیس تاریخ کو آئے۔ سب سے خوفناک زلزلہ چین میں آیا جس کی شدت سات اعشاریہ آٹھ تھی اور اس میں ساڑھے چھے لاکھ سے زائد افراد لقمہ اجل بنے۔ یہ محض اتفاق ہے یا کچھ اور کہ دنیا میں آنے والے خوفناک زلزلوں کا سال کوئی بھی ہو مگر بربادی کی تاریخ چھبیس کو ہی رقم ہوئی۔ چھبیس تاریخ کو اٹھارہ زلزلے اور ایک سونامی آچکا ہے۔ چھبیس دسمبر انیس سو بتیس میں چین میں آنے والے ہولناک زلزلے میں ستر ہزار افراد ہلاک ہوئے۔ چھبیس دسمبر انیس سو انتالیس کو ترکی میں سات اعشاریہ سات شدت کا زلزلہ اکتالیس ہزار افراد کی موت کا سبب بنا۔ چھبیس جنوری انیس سو اکیاون کو پرتگال میں سات اعشاریہ چھے شدت کے خوفناک زلزلے میں تیس ہزار اموات ہوئیں۔ چھبیس جولائی انیس سو چھہتر کو چین میں سات اعشاریہ آٹھ شدت کا خوفناک زلزلہ آیا۔ چودہ سے سولہ سیکنڈ تک محسوس ہونے والے جھٹکوں میں چھے لاکھ پچپن ہزار پانچ سو افراد لقمہ اجل بنے۔ چھبیس اکتوبر دو ہزار تین ایران میں زلزلے سے ساٹھ ہزار افراد جاں بحق ہوئے۔ چھبیس دسمبر دو ہزار چار کو بحرہند میں آنے والا سونامی دو لاکھ تیس ہزار افراد کو موت کی نیند سلا گیا۔ چھبیس فروری  دو ہزار دس کو جاپان زلزلے سے لرز اٹھا۔ ریکٹر اسکیل پر شدت چھے اعشاریہ پانچ ریکارڈ کی گئی، سینکڑوں افراد زخمی ہوئے۔ چھبیس جولائی دو ہزار دس کو تائیوان میں آنے والے چھے اعشاریہ پانچ کے زلزلے ہزاروں زندگیاں نگل گئے۔ چھبیس جنوری دو ہزار گیارہ کو بھارتی شہر گجرات میں سات اعشاریہ سات شدت کے زلزلہ میں بیس ہزار سے زائد افراد موت کی نیند سوئے۔ چھبیس اپریل دو ہزار پندرہ کو نیپال زلزلے سے لرزا، سات اعشاریہ آٹھ شدت کے زلزلہ نوے ہزار افراد کی جان لے گیا۔