Friday, September 29, 2023

محترمہ فاطمہ جناح کا تحریک پاکستان، ملک اور خواتین  کیلئے  کردار انہیں امر کر گیا

محترمہ فاطمہ جناح کا تحریک پاکستان، ملک اور خواتین  کیلئے  کردار انہیں امر کر گیا
March 8, 2015
نائنٹی ٹو نیوز: خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان کی تاریخ میں نمایاں کردار ادا کرنے والی قابل فخر خواتین میں سے محترمہ فاطمہ جناح کا نام یقیناً سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ محترمہ کا تحریک پاکستان، ملک اور خواتین کے لیے قابل قدر کردار انہیں ہمیشہ کے لیے امر کر گیا۔ محترمہ فاطمہ جناح  اپنی زندگی میں خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں ہر شعبہ ہائے زندگی میں آگے بڑھانے  کے لیے کام کرتی رہیں، ان کی خدمات کے صلے میں انہیں مادر ملت کا خطاب بھی دیا گیا۔ محترمہ فاطمہ جناح  نے معاشرے میں پسے ہوئے طبقات اور بالخصوص خواتین کو مشکلات کے سامنے ڈٹ جانے کا سبق بھی دیا۔ وہ ہر مقام اور ہر میدان میں خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ دیکھنے کی خواہاں تھیں۔ جب تک زندہ رہیں تب تک خواتین کی ہر طرح سے حوصلہ افزائی  کرتی رہیں۔ انہوں نے خواتین کو گھروں سے نکال کر خدمت خلق کیلئے آمادہ کیا۔ محترمہ فاطمہ جناح تعلیم نسواں کی اہمیت سے بخوبی واقف تھیں۔ قیام پاکستان سے قبل کئی شہروں میں خواتین کے تعلیمی مراکز قائم کیے، سلائی کڑھائی کے مراکز بھی کھولے۔ قیام پاکستان کے بعد بھی محترمہ اپنی اس ذمہ داری سے غافل نہ ہوئیں۔  پچیس دسمبر ا نیس سو  پچپن کو خاتون پاکستان اسکول کراچی محترمہ فاطمہ جناح نے خود کھولا اور قائداعظم فنڈ سے ایک لاکھ روپیہ عطیہ دیا۔ انیس سو چونسٹھ میں  آمریت کا مقابلہ کیا اور شمع جمہوریت کہلائیں، ایک آمر کے خلاف انتخابات میں حصہ لے کر انہوں نے معاشرے میں پسے ہوئے طبقات اور بالخصوص خواتین کو مشکلات کے سامنے ڈٹ جانے کا سبق بھی دیا۔ محترمہ کا تحریک پاکستان، ملک اور خواتین  کیلئے بے مثال کردار انہیں ہمیشہ کیلیے امر کر گیا، پاکستانی قوم ان کی گراں قدر قومی خدمات پر انہیں آج بھی یاد کرتی ہے اور ہمیشہ یاد کیا جاتا رہے گا۔