Monday, October 3, 2022

محبت کا انتقام ،شادی کا وعدہ وفا نہ کرنے پر پنجاب سیکرٹریٹ  کاملازم قتل

محبت کا انتقام ،شادی کا وعدہ وفا نہ کرنے پر پنجاب سیکرٹریٹ  کاملازم قتل
لاہور(92نیوز)محبت کا انتقام ،شادی کا وعدہ وفا نہ کرنے پر پنجاب سیکرٹریٹ کے ملازم کو قتل کر ڈالا۔ پولیس نے بیس روز بعد واقعہ میں ملوث دو خواتین سمیت چھے افراد کو گرفتار کرکے لاش برآمد کرلی۔ پولیس کے مطابق بیس روز قبل عائشہ نامی لڑکی نے پنجاب سیکرٹریٹ کے ملازم اللہ بخش کو قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ بلوایا اور دو ساتھیوں سمیت کار میں اغوا کرکے اپنی رہائش گاہ مصطفیٰ ٹاؤن لے گئی اور اسے شربت میں نشہ آور چیز ملا کر پلائی جس سے اللہ بخش بے ہوش ہو گیا۔ بعد ازاں ملزمہ عائشہ نے اسے اپنی ملازمہ نگہت اور چار ساتھیوں سمیت ملکر قتل کیا اور لاش کو گاڑی میں ڈال کر پتوکی لے گئی اور موقع ملتے ہی اس کی لاش کو نہر میں بہا دیا۔ لاش نہر میں بہتی ہوئی حویلی لکھا پہنچی جہاں پولیس نے شناخت نہ ہونے پر پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد اسے امانتا دفن کر دیا۔ اللہ بخش پنجاب سیکرٹریٹ میں اکاؤنٹنٹ کے طور پر ملازمت کرتا تھا اور وحدت کالونی سرکاری کوارٹرمیں رہائش پذیر تھا۔ پولیس کے مطابق اللہ بخش نے عائشہ سے شادی کرنے اور اس کے نام ایک پلاٹ لگوانے کا وعدہ کیا تھا۔ عائشہ نے پلاٹ نام نہ کروانے اور شادی نہ کرنے پر باقاعدہ منصوبہ بندی سے اللہ بخش کو قتل کیا۔ پولیس نے قتل میں ملوث مرکزی ملزمہ عائشہ، نوکرانی نگہت اور دیگر ساتھیوں نوید، اختر، نعیم اور افضل کو بھی گرفتار کرلیا۔ ملزموں نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا۔