Saturday, July 27, 2024

مجھے وسط مدتی انتخابات میں شکست کا الزام نہ دیا جائے ، ٹرمپ

مجھے وسط مدتی انتخابات میں شکست کا الزام نہ دیا جائے ، ٹرمپ
October 18, 2018
واشنگٹن (92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکنز کو شکست ہوئی تو اس کا الزام انہیں نہ دیا جائے۔ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ ماضی میں کبھی کوئی اور انتخابی مہم پر اس طرح اثر انداز ہوا ہے جس طرح وہ ہو رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے اپنی مدت پوری ہونے کی امید کا اظہار کرتے ہوئے اس تاثر کو مسترد کیا کہ یہ انتخاب ان کی صدارت سے متعلق ایک ریفرنڈم کے طور پر لیا جائے گا۔ صدر ٹرمپ نے کہا حالات 2016 جیسے ہی لگ رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ گزشتہ چند ہفتوں سے سرگرم ہوکرری پبلکن ارکان کے حلقوں میں انتخابی مہم چلانے میں مصروف ہیں جس کے دوران انہوں نے کئی انتخابی جلسوں اور جلوسوں سے خطاب کیا۔ چھ نومبر کو ایوانِ نمائندگان کی 435 جبکہ سینیٹ کی 100 میں سے 35 نشستوں پر انتخاب ہو گا۔ اس وقت ایوانِ نمائندگان میں ری پبلکنز کو 235 نشتوں کے ساتھ برتری حاصل ہے جب کہ ڈیموکریٹس ارکان کی تعداد 193 ہے۔