Thursday, January 20, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

متنازع بیان ، نہال ہاشمی پر فردجرم عائد کر دی گئی

متنازع بیان ، نہال ہاشمی پر فردجرم عائد کر دی گئی
July 10, 2017

اسلام آباد(92نیوز)سپریم کورٹ نے متنازع بیان پر لیگی سینیٹر نہال ہاشمی پر فرد جرم عائد کردی۔ ملزم کا صحت جرم سے انکارجسٹس عظمت سعید شیخ نے ریمارکس میں کہا کہ نہال ہاشمی کا موقف سننے کی ضرورت نہیں۔ فاضل جج نے استفسار کیا کہ حساب لینے والو تمھارا یوم حساب بنا دینگے، یہ اشارہ کس کی طرف تھا۔

تفصیلات کےمطابق سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے نہال ہاشمی کی متنازع تقریر کے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کرتے ہوئے ملزم پرفرد جرم عائد کردی ہے ۔ نہال ہاشمی کے وکیل نے کہا کہ عدالت میں جمع کرائے گئے جواب پر دلائل دینا چاہتے ہیں جس پرعدالت نے کہا کہ جب ہم جواب سے مطمئن نہیں تو دلائل کی بھی ضرورت نہیں۔ وکیل نے عدالت میں نہال ہاشمی کی متنازعہ تقریر کا متن پڑھ کر سنایا تو جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہا کہ کیا نہال ہاشمی نے متنازعہ تقریر نہیں کی؟ حساب لینے والو تمھارا یوم حساب بنا دینگے، یہ اشارہ کس کی طرف تھا۔ نہال ہاشمی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ تقریر کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ عدالت اب فرد جرم عائد کرنے کی سٹیج پر ہے۔ وکیل حشمت حبیب کا کہناتھا کہ شیطان کو بھی پہلے وارننگ دی گئی تھی۔ ان کے موکل نے کوئی توہین نہیں کی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آپکو جیل نہیں بھیج رہے، فرد جرم عائد کررہے ہیں۔آج حاضر سروس ہو کل ریٹائرڈ ہو جاو گے ، یہ اشارہ کس کی جانب تھا؟ وکیل نہال ہاشمی نے کہا کہ جج تو کبھی ریٹائرڈ نہیں ہوتے ، جج ہمیشہ جج ہی رہتا ہے ۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس میں کہا کہ آپ سمندر میں اتریں گے تو ہی تیریں گے ۔ دوران سماعت عدالت نے چارج شیٹ نہال ہاشمی کے حوالے کردی۔ چارج شیٹ  کے متن میں کہا گیا ہے کہ نہال ہاشمی نے یوم تکبیر کے دن تقریر میں سپریم کورٹ کے ججز اور جے آئی ٹی ممبران کے انکے اہل خانہ، بچوں کو دھمکایا ۔ ان کا یہ عمل توہین عدالت آرڈیننس 2003 کی شق 5 کے تحت قابل سزا ہے۔ کیس کی سماعت 24 جولائی تک ملتوی کردی گئی ۔