متحدہ قومی موومنٹ کا یوم تاسیس کے موقع پر بھرپور سیاسی قوت دکھانے کا فیصلہ، جلسہ کی تیاریاں

کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) متحدہ قومی موومنٹ نے آج (اٹھارہ مارچ کو) یوم تاسیس کے موقع پر بھرپور سیاسی قوت دکھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جناح گراؤنڈ بڑے جلسہ کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
ایم کیو ایم نے ایک بار پھر بھرپور عوامی قوت کے مظاہرے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں یوم تاسیس کے موقع پر جناح گرائونڈ میں عوامی قوت کا مظاہرہ کیا جائے گا جس کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ایم کیو ایم ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے میں اہم شخصیت کی شمولیت کا امکان ہے جو ایک بار پھر پارٹی کو جوائن کرنے کا اعلان کر سکتی ہیں۔
اہم شخصیت سے ایم کیو ایم کے رہنما کچھ عرصے سے رابطے میں ہیں۔ یوم تاسیس کے موقع پر تمام شعبہ جات کو تیاریوں کی ہدایت دے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں عوامی رابطہ مہم بھی شروع ہو چکی ہے۔